اُصولِ کافی کی کتاب ’’الحجۃ‘‘ میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام سے ایک طویل روایت نقل کی گئی ہے جس میں امامت کی شناخت، اِس کے اوصاف اور خصوصیات بیان کی گئی ہیں جو انتہائی اہم اور دلچسپ ہیں، اِن میں سے بعض جو امامت کے بارے میں ہیں: امامت دین کی باگ ڈور، نظامِ مسلمین کی درستی، دنیا کی آبادی کی ضامن، مؤمنین کی عزت و سربلندی، پیغمبروں کا مقام و مرتبہ، جانشینوں کی میراث، خدا اور رسول کی خلافت و جانشینی ہے۔ نیز امام کے بارے میں بیان ہوا ہے کہ امام عمومی دولت و ثروت میں اضافہ کرنے والا، حدود اور احکامِ الٰہی کا جاری کرنے والا، اسلام کی سرحدوں کا محافظ، تمام مخلوقات کے درمیان اللہ کا امین، بلند مقام پر چمکتا ہوا چراغ (ہدایت)، اللہ کے راستوں کو روشن و ظاہر کرنے والا، حریمِ الٰہی کا مدافع، منافقین کو غیظ و غضب میں ڈالنے والا، کفر کی بنیاد کو ویران کرنے والا، مؤمنین کو عزّت دینے والا، قیادت کا لائق و تجربہ کار، سیاسی اُمور کا ماہر، حکمِ الٰہی کے اجراء کے لیے کمربستہ ہو، اللہ کے بندوں کا خیر خواہ اور دینِ خدا کا محافظ ہوتا ہے۔ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول ایک اور روایت میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ: وہ تمام امتیازات اور خصوصیات جو پیغمبرِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم، کو حاصل تھیں، حضرت علی علیہ السلام اور دیگر آئمہ طاہرین علیہم السلام بھی اِن خصوصیات کے حامل تھے۔

حوالہ: [کتاب] ڈھائی سو سالہ انسان [مؤلف] امام خامنه ای [ص] 74 [پبلشر] انتشارات آستان قدس رضوی [ایڈیشن] 1 [ﭘﺮﻧﭧ] 1 [پرنٹر] مؤسسہ چاپ وانتشارات آستان قدس رضوی