ولی امر مسلمین سید علی خامنہ ای:
چھ: معاشرے کی عمومی فضا میں روحانیت و اخلاق کی حیرت انگیز ترقّی

انقلاب نے معاشرے کی عمومی فضا میں روحانیت اور اخلاق کے معیار کو حیرت انگیز حد تک بڑھایا۔ اور اِس مبارک عمل کو سب سے زیادہ، خود امام خمینیؒ کے سلوک اور کردار ہی نے شاہی حکومت سے مقابلے کے دوران اور انقلاب کی کامیابی کے بعد رائج کیا۔ اُس معنوی، عارف اور مادی زینتوں سے پاک انسان نے ایسے ملک کی باگ ڈور سنبھالی کہ جس کے عوام کا ایمان کافی مضبوط اور گہرا تھا۔ اگرچہ پَہلَوی حکومت کے دوران فحاشی و فساد پر مشتمل مواد کی بے لگام تشہیر و ترویج نے اِس ایمان پر سخت ضرب لگائی اور مِڈل کلاس عوام بالخصوص جوانوں کو مغرب کی اخلاقی بے راہ رویوں کی دلدل میں دھکیل کر رکھ دیا تھا، لیکن اسلامی جمہوریہ کے اخلاقی و دینی رویے نے نورانی اور بیدار دلوں کو خصوصاً جوانوں کو اپنی طرف جذب کیا اور یوں پوری فضا دین و اخلاق کے حق میں تبدیل ہو گئی۔ جوانوں کا جہاد، دفاعِ مقدس جیسے کٹھن میدانوں میں ذکر، دعا، بھائی چارے اور ایثار کے احساس کے ساتھ مل گیا اور سب کی نگاہوں کے سامنے ابتدائے اسلام کے زمانے کا ماحول زندہ ہوگیا۔ باپ، ماؤں اور بیویوں نے دینی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے جہاد کے مختلف محاذوں پر جانے والے اپنے عزیزوں کو اپنے دل سے جدا کیا اور پھر جب اُن کا خون آلود لاشہ یا زخمی جسم اُن کے سامنے واپس آیا تو اُنہوں نے اُس مصیبت پر شکر ادا کیا۔ مساجد اور دینی مقامات میں بے مثال رونق پیدا ہو گئی۔ اعتکاف کی صفیں، باری لینے والے ہزاروں جوانوں، استادوں، یونیورسٹی کے طلباٗ ، عورتوں اور مردوں سے بھر گئیں۔ جہاد کے تربیتی دوروں پر جانے والوں کی صفیں ہزاروں رضاکار اور فداکار جوانوں سے بھر گئیں۔ نماز، حج، روزہ، پیدل زیارت، مختلف قسم کی دینی تقریبات، واجب اور مستحب صدقہ و خیرات کی سب جگہ خصوصاً جوانوں کے درمیان رونق بڑھ گئی اور آج تک پہلے کی نسبت اُن میں زیادہ وسعت اور ترقّی آچکی ہے۔ یہ سب کچھ ایسے زمانے میں واقع ہوا ہے کہ جب مغرب اور اُس کے حواریوں کی روز بہ روز بڑھتی ہوئی اخلاقی برائیوں اورعورتوں اور مردوں کو اِس گمراہی کی دلدل میں دھکیلنے کے لیے اعلیٰ پیمانے پر تشہیر و ترویج نے دنیا کے ایک بڑے حصّے میں اخلاق و روحانیت کو زوال کا شکار کر دیا ہے۔ یہ انقلاب اور متحرّک و ترقّی یافتہ اسلامی نظام کا ایک اور معجزہ ہے۔

حوالہ: [کتاب] گام دوم انقلاب [مؤلف] امام خامنه ای [ج] 1 [ص] 24 [پبلشر] انتشارات انقلاب اسلامی [ایڈیشن] 1 [ﭘﺮﻧﭧ] 1